سوات : درریائے سوات میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، جس سے 78 افراد ریلے میں بہہ گئے،رپورٹ کے مطابق 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 60 کو ریسکیو کیا گیا ہے۔
متاثرین میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد شامل ہیں جن کا تعلق ڈسکہ سے ہے۔ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن کے مطابق 10 سیاح اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے مختلف مقامات سے لاشیں نکالی ہیں جبکہ خراب موسم اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے ندی نالوں کے قریب جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کی خلاف ورزی پر 40 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
وزیراعظم اور گورنر خیبرپختونخوا نے واقعے پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے فلڈ سیل قائم کر دیا ہے، اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نمبرز جاری کر دیے گئے ہیں۔