کراچی: خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جو ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (POL) کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ اعلامیے کے مطابق، ٹل بلاک میں حالیہ کھدائی کے دوران یومیہ 22.1 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس اور 2,112 بیرل خام تیل کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ کامیابی مقامی سطح پر توانائی کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ درآمدی انحصار کم کرنے میں مدد دے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب ایک اور قدم آگے لے جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس دریافت سے نہ صرف مقامی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔