کوئٹہ: بلوچستان میں زلزلوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ روز سے اب تک درمیانے درجے کے 5 جھٹکے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق آج صبح بارکھان اور قریبی علاقوں میں 5.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ پر واقع ہیں، جس کے باعث ان علاقوں میں زلزلوں کی سرگرمیاں دیکھی جاتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زیر زمین توانائی کی لہروں کے اثرات کے باعث مزید زلزلے آنے کا امکان موجود ہے، تاہم زلزلے کے درست وقت اور شدت کی پیش گوئی سائنسی طور پر ممکن نہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سبی میں 4.2 شدت اور کوہلو میں 5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ سبی میں زلزلے کی گہرائی 42 کلومیٹر جبکہ کوہلو میں 18 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔ حکام کے مطابق زلزلوں کے مراکز آبادی سے فاصلے پر واقع تھے۔