کراچی: سندھ اسمبلی اجلاس میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش غیر معمولی حالات کے باعث تمام صوبوں کے وسائل محدود ہیں، تاہم صوبوں نے قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اپنی ترقی کے حصے سے قربانی دی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے جرنلسٹ پروٹیکشن کمیشن قائم کیا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں صحافیوں کو مکمل آزادی حاصل ہے اور اسی آزادی کی وجہ سے سندھ حکومت کو بھی سب سے زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے اور سندھ حکومت نے کسی صحافی کے خلاف پیکا ایکٹ استعمال نہیں کیا۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مدد لی جا رہی ہے اور نئے سافٹ ویئر تیار کیے جا رہے ہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے کراچی کے ٹرانسپورٹ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی کراچی شہر کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسیں خریدنا آسان ہے، لیکن مضبوط انفراسٹرکچر قائم کرنا اصل چیلنج ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق پیپلز بس سروس سے روزانہ ایک لاکھ 80 ہزار مسافر سفر کر رہے ہیں اور سندھ حکومت اس منصوبے کے لیے سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔