شاہد خاقان عباسی کو کچھ ہوا تو عمران نیازی ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف

شاہد خاقان عباسی کو کچھ ہوا تو عمران نیازی ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف
کیپشن: اپوزیشن عوام کی خاطر حکومت کی مدد کرنا چاہتی ہے، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب نیازی کورونا سے لڑنے کے بجائے اپوزیشن اور میڈیا سے لڑنے میں مصروف ہے اور ساری دنیا متحد ہو کر اپنی قوم کو بچانے میں مصروف ہے جب کہ پاکستان میں حکومت کی ترجیح اپوزیشن اور میڈیا کو جیل بھیجنا ہے۔


وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے مزید کہا کہ قوم مرتی ہے تو مرجائے، عمران نیازی کو اپنی انتقام کی پیاس بجھانی ہے، اگر شاہد خاقان عباسی کو کچھ ہوا تو عمران نیازی ذمہ دار ہوں گے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ایک طرف قیدی رہا کیے جا رہےہیں تو دوسری طرف ملک کی خدمت کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی خاطر حکومت کی مدد کرنا چاہتی ہے لیکن حکومت انتشار پیدا کر رہی ہے، عمران نیازی اپنی مایوسیوں کی سزا قوم کو نہ دیں، پہلے بھی نیب کے پاس کچھ نہ نکلا، یہ سیاسی تماشوں کو وقت نہیں ہے۔