امریکی صدر ٹرمپ کا ایران پر حملے 10 روز تک روکنے کا اعلان، نئی ڈیڈ لائن 6 اپریل مقرر

09:22 AM, 27 Mar, 2026

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی توانائی اور جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملوں کی دھمکی پر عملدرآمد ایک بار پھر مؤخر کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، صدر ٹرمپ نے ان حملوں کو مزید 10 دن کے لیے روکنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد اب یہ کارروائی 6 اپریل تک ملتوی ہو گئی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ توسیع تہران کی جانب سے کی گئی ایک خصوصی درخواست پر کی گئی ہے۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ پسِ پردہ مذاکرات بہت اچھے انداز میں جاری ہیں، تاہم ایرانی حکام نے ابھی تک ان مذاکرات یا امریکی دعووں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
 واضح رہے کہ پیر کے روز صدر ٹرمپ نے جوہری مراکز پر حملے کی دھمکی کو جمعہ تک روکا تھا، جسے اب مزید بڑھا کر اپریل کے پہلے ہفتے تک لے جایا گیا ہے۔
عالمی مبصرین اس اقدام کو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی ایک سفارتی کوشش قرار دے رہے ہیں۔ توانائی کی منڈیوں میں اس خبر کے بعد تیل کی قیمتوں میں استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے، تاہم حتمی صورتحال 6 اپریل کی ڈیڈ لائن کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔

مزیدخبریں