جی ایس پی پلس کے خلاف پروپیگنڈا مسترد: بزنس کمیونٹی کا 'اقتصادی دشمنوں' کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ

11:54 AM, 27 Mar, 2026

کراچی: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) نے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس (GSP+) اسٹیٹس کے خلاف جاری منفی مہم کو ملکی معیشت پر حملہ قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ بزنس کمیونٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جی ایس پی پلس کے خلاف عالمی سطح پر لابنگ کرنے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے واضح کیا کہ ملکی معیشت کی بقا برآمدات (Exports) میں ہے اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس اس کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری تاجر برادری اس قومی مفاد کے تحفظ کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو ملکی مفاد کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران عہدیداروں نے معاشی خود مختاری کا نقشہ پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان کو آئی ایم ایف کے چنگل سے نکالنے کا واحد حل اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے۔ عالمی منڈیوں تک رسائی اور برآمدی اہداف کا حصول صرف جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل سے ہی ممکن ہے۔
بزنس کمیونٹی نے زور دیا کہ جی ایس پی پلس کے حوالے سے ہر طرح کی منفی بیان بازی اور بے بنیاد پروپیگنڈا فوری ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان عناصر کی نشاندہی کرے جو بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں