چینی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کے لیے بڑا فیصلہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی سفیر سے ملاقات، بزنس کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

01:55 PM, 27 Mar, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں مقیم چینی شہریوں، بالخصوص سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کو مزید سخت بنانے اور ان کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سکیورٹی خدشات کے حل کے لیے ایک خصوصی بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا عمل درآمد دو مراحل میں ہوگا۔ پاکستان میں پہلے سے موجود چینی بزنس کمیونٹی کے ساتھ تفصیلی مشاورت اور ملاقاتیں کی جائیں گی۔     پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کے خواہش مند چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات کر کے انہیں حفاظتی انتظامات پر اعتماد میں لیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکی شہریوں، خاص طور پر چینی بھائیوں کے تحفظ کے لیے ایک جدید سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ اس یونٹ کے اہلکاروں کو مخصوص تربیت دی جائے گی تاکہ وہ فول پروف سکیورٹی فراہم کر سکیں۔ سفارت خانے آمد پر چینی سفیر نے محسن نقوی کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا۔
    محسن نقوی نے واضح کیا کہ چینی شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی شرپسند عناصر کو پاک چین اقتصادی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزیدخبریں