ذوالحجہ 1446ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

10:15 AM, 27 May, 2025

اسلام آباد : پاکستان میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی کریں گے۔

تاہم، سپارکو نے اپنے فلکیاتی تجزیے میں بتایا ہے کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہوگی، جو عام طور پر رؤیت کے لیے ناکافی سمجھی جاتی ہے۔

سپارکو کے مطابق اگر آج چاند نظر نہ آیا تو یکم ذوالحج 29 مئی (بدھ) کو ہو گی اور اس حساب سے عیدالاضحیٰ 7 جون (جمعہ) کو منائے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب، سعودی عرب میں بھی آج ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہو رہا ہے۔ سعودی ماہرین فلکیات کے مطابق آج چاند نظر آنے کے اچھے امکانات ہیں۔ اسی طرح، متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز نے بھی کہا ہے کہ آج چاند دکھائی دینے کا قوی امکان ہے۔

اگر سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج چاند نظر آ گیا تو وہاں عیدالاضحیٰ 6 جون (جمعرات) کو منائی جائے گی۔

مزیدخبریں