لاہور : حکومتِ پنجاب نے 28 مئی کو یومِ تکبیر کے موقع پر تمام سرکاری سکول کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان وزیر تعلیم کے مطابق، اس دن سکولوں میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے مختلف تقریبات اور خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سکولوں میں مارننگ اسمبلی کے دوران خصوصی پروگرامز کا اہتمام کیا جائے اور پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے۔
مراسلے کے مطابق، یومِ تکبیر کے سلسلے میں تمام سرکاری سکولوں میں ضلع کی سطح پر تقریری، ملی نغموں اور دیگر تخلیقی مقابلے منعقد ہوں گے۔ ضلعی سطح پر ان مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 29 مئی سے پنجاب بھر کے سکولوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔