پاک بھارت کشیدگی کا معاملہ پاکستانی سفارتی ٹیم کا اہم دورہ امریکہ طے

03:21 PM, 27 May, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم کی تشکیل کردہ اعلیٰ سطحی سفارتی کمیٹی کے تحت بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد 2 جون کو امریکہ روانہ ہو گا۔ یہ وفد نیویارک اور واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں کرے گا جن کا مقصد پاک بھارت کشیدگی کے پس پردہ بھارتی جھوٹے بیانیے کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔

وفد نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کرے گا اور سلامتی کونسل کے دیگر ارکان کو بھارت کی جانب سے کشمیر میں جاری بربریت اور جھوٹے دعووں کے بارے میں آگاہ کرے گا۔ اس کے علاوہ واشنگٹن میں امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں طے ہیں تاکہ پاکستان کی موقف کو مضبوط کیا جا سکے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر قائم یہ کمیٹی عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو بہتر انداز میں پیش کرنے اور بھارت کی جارحیت کے خلاف سفارتی محاذ مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ اس کمیٹی میں مصدق ملک، خرم دستگیر، حنا ربانی کھر اور جلیل عباس جیلانی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ یورپ بھی جائیں گے جہاں وہ پاکستان کے موقف کو عالمی برادری تک پہنچائیں گے اور بھارتی جارحیت پر روشنی ڈالیں گے۔

مزیدخبریں