ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کے رہنما اظہرالاسلام کو انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام سے بری کرتے ہوئے ان کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیا اور فوری رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
اظہرالاسلام کو 2012 میں انسانیت کے خلاف جرم کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے دور حکومت میں ان کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ اس کیس میں ان کے دو ساتھیوں کو بھی سزائے موت دی گئی تھی، جبکہ اظہرالاسلام کی سزا پر عملدرآمد ہونا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر شفیق الرحمان نے اس فیصلے کو "انصاف کی فتح" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ انصاف کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی بدلے کی نہیں بلکہ انصاف کی خواہاں ہے۔
یہ فیصلہ بنگلہ دیش میں اسلامی جماعتوں کے سیاسی اتحاد اور ملکی سیاست میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔