برطانیہ: سڑکوں پر بدسلوکی کے خلاف عورتوں کی احتجاجی ریلی

برطانیہ: سڑکوں پر بدسلوکی کے خلاف عورتوں کی احتجاجی ریلی

لندن :عورتوں کےخلاف تشدد کے خاتمے کی مہم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے برطانیہ کے شمالی شہر شیفیلڈ میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی طلبہ تنظیموں کی طرف سے 'ری کلیم دا نائٹ' کے نام سے شہر میں ایک احتجاجی مارچ کیا گیا۔
یہ مارچ شہر کے قدیم چرچ شیفیلڈ کیتھیڈرل کے باہر سے شروع کیا گیا جو بعد میں ایک عوامی جلوس کی شکل میں شہر کی اہم سڑکوں اور گلیوں سے گزرتا ہوا شیفیلڈ یونیورسٹی کے ایک کیفے میں جا کر اختتام پذیر ہوا جہاں مقررین نے سولہ روزہ مہم کی اہمیت پر بات کی۔
شیفیلڈ یونیورسٹی اور شیفیلڈ ہالم یونیورسٹی کی طالبات کی طرف سے نکالے جانے والے جلوس میں تمام پس منظر سے تعلق رکھنے والی عورتوں نے شرکت کی جنھوں نے ہاتھوں میں احتجاجی پلے کارڈز اور بینر اٹھارکھے تھے اور وہ شہر کی سڑکوں پر خواتین کو ہراساں اور تشدد کے بغیر چلنے کا حق واپس دلوانے کا مطالبہ کررہی تھیں