واشنگٹن میں فائرنگ کے بعد امریکی صدر کا 500 اضافی اہلکار تعینات کرنے کا حکم

04:34 PM, 27 Nov, 2025

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں 500 اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے فوراً اس اقدام کا فیصلہ کیا تاکہ سکیورٹی کو مزید مضبوط کیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کا مقصد واشنگٹن کی سیکیورٹی میں اضافہ کرنا ہے تاکہ اس قسم کے واقعات کو روکا جا سکے۔

اس فائرنگ میں دو نیشنل گارڈز کے اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق، فائرنگ کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا اور جائے وقوعہ کے اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا۔ پولیس نے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

مزیدخبریں