منامہ: وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے بحرین کے وزیرِ داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے انسدادِ منشیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور معلومات کے تبادلے کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ محسن نقوی نے بحرینی وزیرِ داخلہ کی جانب سے دی جانے والی گرمجوش میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ سیکیورٹی اور استحکام کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر استوار ہیں، اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان قریبی تعاون خطے میں امن و سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ دونوں ممالک کی حفاظت اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔