پنجاب میں اسموگ کے خطرات بڑھنے کے بعد پی ڈی ایم اےکا ایمرجنسی الرٹ جاری

11:43 PM, 27 Nov, 2025

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں دھند اور سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اسموگ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شیخوپورہ، قصور اور دیگر شہروں میں شدید دھند اور اسموگ کا سامنا ہو سکتا ہے۔ فیصل آباد، ننکانہ، گوجرانوالہ، جھنگ، ساہیوال، اور لیہ میں بھی اسموگ اور دھند کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ، کوٹ ادو، ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان اور خان پور میں بھی دھند اور سموگ کی صورتحال کی توقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ انتظامیہ کو انسداد سموگ کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔

سموگ کی موجودگی کے باعث سانس کی بیماریوں اور دیگر صحت کے مسائل میں اضافے کا خدشہ ہے، خاص طور پر بچوں اور بزرگ افراد کے لیے یہ زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو اسموگ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
 
 

مزیدخبریں