اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے اعلان پر پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کی کوئی مؤثر تیاری نظر نہیں آئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ’’کھودا پہاڑ، نکلا چوہا‘‘ ثابت ہوا، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی انتظامی اور سیاسی ساکھ مکمل طور پر کھو چکے ہیں۔ ان کے بقول اب لانگ مارچ کی کوئی بھی تاریخ مقرر کی جائے، اس سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کا دہشت گردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے اور وہ دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہی ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔