این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب، پولنگ کا عمل جاری

09:11 AM, 27 Sep, 2026

بہاولپور: بہاولپور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ حلقے میں مجموعی طور پر 20 امیدوار میدان میں ہیں، تاہم مسلم لیگ ن کے ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان قریبی مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ 
 پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ حلقے میں 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
 انتخابی انتظامات کے تحت این اے 168 میں 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ فوج اور رینجرز کے اہلکار بھی سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ 

 یہ نشست مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں، جبکہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ولی داد چیمہ آزاد حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

مزیدخبریں