نیویارک: ریاستِ فلسطین نے غزہ میں بچوں کی شہادتوں پر وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کے اقتباسات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’سٹیٹ آف فلسطین‘‘ پر نمایاں کردیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں فلسطینی عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نسل در نسل فلسطینی عوام، خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کو قبضے، بے دخلی، مصائب اور موت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وزیراعظم نے فلسطینی بچی ہند رجب اور 8 سالہ وفا عقیلہ کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال انہوں نے ہند رجب کی دل دہلا دینے والی داستان دنیا کے سامنے بیان کی تھی، جبکہ اس سال وفا عقیلہ کی والدہ کی سسکتی ہوئی چیخیں پوری دنیا کے لیے ایک دردناک پیغام ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جس دن وفا عقیلہ کے لیے سکول کا پہلا دن ہونا چاہیے تھا، افسوس کہ وہ اس کی زندگی کا آخری دن بن گیا۔
وزیراعظم نے عالمی برادری سے سوال کیا کہ کیا غزہ میں پیدا ہونے والے بچے کو بھی دنیا کے کسی دوسرے خطے میں پیدا ہونے والے بچے کی طرح زندگی، مستقبل اور خواب دیکھنے کا حق حاصل نہیں؟
انہوں نے کہا کہ ہند رجب، وفا عقیلہ اور دیگر فلسطینیوں کے المیے تاریخ میں اجتماعی خاموشی، ناکامی اور بے عملی کے خلاف فردِ جرم کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔