پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف امریکی تعاون کی ضرورت ہے: ٹام شوازی

07:25 PM, 27 Sep, 2026

نیویارک: امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے چیئرمین کانگریس مین ٹام شوازی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو امریکا کی جانب سے انٹیلی جنس اور دفاعی تعاون فراہم کیا جانا چاہیے، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار بھی اہم ہے۔

نیویارک میں ماہر امور خارجہ محمد مہدی سے ملاقات کے دوران ٹام شوازی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے اثرات کے اعتبار سے پاکستان کو برکینا فاسو سمیت دیگر متاثرہ ممالک کے تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو پاکستان کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن تعاون کرنا چاہیے، جس میں انٹیلی جنس کا تبادلہ اور دہشت گردی کے خلاف دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لیے معاونت شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشوار گزار اور پہاڑی سرحدوں کے باعث پاکستان کو غیر معمولی سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے امریکی اتحادیوں کو بھی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں میں تعاون پر آمادہ کیا جانا چاہیے۔

ٹام شوازی نے کہا کہ جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور پورے خطے کے مستقبل میں پاکستان کا کردار اہم ہے۔ امریکا، ایران اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے روابط اسے علاقائی مفاہمت کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے آزاد ثالثی بورڈ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ ایسے اقدامات سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے ٹام شوازی نے کہا کہ انہوں نے 2025 میں پاکستان کے دورے کے دوران کرتارپور صاحب کا دورہ کیا تھا۔ ان کے مطابق کرتارپور کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور عوامی روابط بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کے ذریعے ثقافتی روابط کے فروغ، جبکہ کرکٹ سمیت دیگر عوامی سطح کے اقدامات سے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

ملاقات میں محمد مہدی نے کہا کہ پاکستان متوازن جغرافیائی سیاسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے امریکا میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مارکیٹ رسائی میں اضافے اور سول شعبے میں ساختی اصلاحات کو دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی معاشی روابط کے لیے اہم قرار دیا۔

مزیدخبریں