نورستان جھڑپوں سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، افغان طالبان کے الزامات مسترد

05:53 PM, 27 Sep, 2026

اسلام آباد: پاکستان نے نورستان میں ہونے والی جھڑپوں سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کا نورستان یا افغانستان میں کسی بھی داخلی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستانی حکام نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کے نورستان میں کسی کارروائی میں ملوث ہونے کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
حکام نے سابق افغان اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت، داعش سمیت کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی سہولت کاری اور دیگر الزامات کو بھی مسترد کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ملوث ہونے کے حوالے سے کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق الزامات کے حق میں نہ افراد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم کیے گئے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو پاکستان کے کسی کردار کو ثابت کرتی ہے۔

وزارت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مختلف رپورٹس افغانستان میں متعدد دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی رہی ہیں، جبکہ افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہ پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

حکام کے مطابق طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام باعثِ تشویش ہے۔ طالبان حکومت کو اپنے داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرنے کے بجائے افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کرنی چاہیے۔

مزیدخبریں