امریکی صدر آج قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ نئی ایرانی تجویز پر غور کرینگے: وائٹ ہاؤس

12:04 AM, 28 Apr, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج اپنی قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ ایران کی جانب سے پیش کی گئی نئی تجویز پر غور کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوئٹ نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی قومی سلامتی ٹیم کے ہمراہ ایک اہم اجلاس کریں گے، جس میں ایران کی حالیہ پیشکش کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ایرانی تجویز میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی پیشکش شامل ہے، جو عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم سمندری راستہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ کی شرائط بالکل واضح ہیں اور امریکہ کسی ایسی ڈیل کو قبول نہیں کرے گا جس کے تحت ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت دی جائے۔

کیرولین لیوئٹ نے مزید کہا کہ صدر کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ قومی سلامتی کے تقاضوں کے پیش نظر ایک نئے بال روم کی تعمیر کو بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صدر ٹرمپ کے مطابق پریس ڈنر کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات مؤثر رہے، تاہم مزید بہتری کے لیے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی اور وائٹ ہاؤس حکام کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں