وزیراعظم نے تسلی کرکے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی، احسن اقبال

وزیراعظم نے تسلی کرکے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی، احسن اقبال

اسلام آباد: مسلم لیگ( ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے تسلی کرکے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی، حکومت نان ایشوز پر سیاست کررہی ہے ۔

ا نہوں نے کہا کہ نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت عدالت نے دی، حکومت  برطانیہ کو بھی کہا گیا کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بھیج رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے تسلی کرکے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی ، حکومت سمجھتی ہے آئی سی یو میں داخل شخص ہی مریض کہلاتا ہے، افسوس کی بات ہے حکومت نان ایشوز پر سیاست کررہی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ سینیٹر حاصل بزنجو کینسر کے مریض تھے ،2روز قبل تندرست تھے اور انتقال کرگئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام  ہسپتا ل بند رہے ہیں جبکہ لندن میں کورونا کے دوران ہسپتا لوں میں ایمرجنسی کی حالت تھی۔

  انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو کہا ہے بند کمرے کے بجائے چہل قدمی کیا کریں ، عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف علاج کے بعد ہی وطن آسکیں گے ، بیگم کلثوم نواز کی صحت پر  بھی سیاست کی گئی، بعد میں منہ چھپاتے پھر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فیٹف سے متعلق  قانون سازی سینیٹ میں مسترد ہوئی، ہم نے فیٹف سے متعلق قانون سازی کی مخالفت نہیں کی، فیٹف کے نام پر حکومتی اختیارات کے غلط استعمال کا خدشہ تھا، ہمیں خدشہ تھا جیسے نیب کا استعمال ہورہا ہے ایسے فیٹف کا نہ ہو۔