لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی کے شاہدرہ کے مقام پر بڑھتی ہوئی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بھارت کی جانب سے سیلابی پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے راوی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے اور حکام کے مطابق آج دوپہر تک 2 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا امکان ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کو حکام کی جانب سے سیلاب کی تازہ ترین صورتحال پر بریف کیا گیا , اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری بھی ہمراہ تھیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو سیلاب سے تباہی کی شدت کہیں زیادہ ہوتی، اللہ تعالیٰ کے کرم سے پنجاب بڑے نقصان سے محفوظ رہا ہے۔
دریائے راوی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اس وقت پنجاب کے تین بڑے دریاؤں میں پانی کا شدید دباؤ ہے، تاہم انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے بروقت اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل اور حکومتی مشینری کی کوششوں سے بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ "گجرات، نارووال اور سیالکوٹ جیسے اضلاع میں صورتحال نہایت خراب تھی، مگر ہم نے 50 ہزار سے زائد افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا،" وزیراعلیٰ نے بتایا۔
مریم نواز شریف نے امدادی سرگرمیوں میں شریک اداروں، افسران اور رضاکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
قبل ازیں وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لے چکی ہیں۔ اس موقع پر حکومتی اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن اور سیلابی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
دوسری جانب پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کے باعث اب تک 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام ریسکیو ادارے فعال ہیں اور حکومت عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوم مل کر اس قدرتی آفت پر قابو پائے گی۔