سیلابی صورتحال کے باعث 11ویں قومی مالیاتی کمیشن کا اجلاس مؤخر

05:04 PM, 28 Aug, 2025

کراچی: ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث 11ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا ابتدائی اجلاس موخر کر دیا گیا ہے۔ یہ اجلاس کل یعنی 29 اگست کو ہونا تھا لیکن سندھ حکومت کی درخواست پر اسے مؤخر کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سفارشات، ذیلی گروپوں کے قیام اور مستقبل کے اجلاسوں کے شیڈول پر غور کیا جانا تھا جبکہ وفاق اور چاروں صوبے اپنی مالیاتی صورتحال پر بریفنگ دینے والے تھے۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد 22 اگست کو 11ویں قومی مالیاتی کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جس کے چیئرمین وفاقی وزیر خزانہ ہیں اور چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ و نامزد ارکان بھی کمیشن کا حصہ ہیں۔ تاہم سندھ میں سیلابی صورتحال کے باعث سندھ حکومت نے اجلاس موخر کرنے کی درخواست کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 160 (1) کے تحت 11واں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ تشکیل دیا تھا۔

وزارت خزانہ کے این ایف سی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 11ویں قومی مالیاتی کمیشن میں 9 ارکان شامل ہیں، جن میں وفاقی وزیر خزانہ چیئرمین جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ ممبران ہیں۔

اسی طرح پنجاب حکومت کے نمائندے سابق بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ، سندھ سے ماہر معاشیات ڈاکٹر اسد سید، خیبرپختونخوا سے ڈاکٹر مشرف رسول اور بلوچستان سے فرمان اللہ کو کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔

 
 

مزیدخبریں