اسلام آباد: واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور جدید فیچر متعارف کرایا ہے جو مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ہے۔ ’رائٹنگ ہیلپ‘ کے نام سے پیش کیا گیا یہ فیچر صارفین کو پیغامات لکھنے، پروف ریڈنگ کرنے اور چیٹ کے انداز (ٹون) کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو بہتر اور مؤثر انداز میں پیغامات تحریر کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ میٹا کی پرائیویٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے، جس کی بدولت نہ واٹس ایپ اور نہ ہی میٹا صارفین کے اصل پیغامات یا AI سے تیار کردہ جملوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ٹول کے استعمال کے باوجود صارفین کے پیغامات مکمل طور پر محفوظ اور نجی رہیں گے۔
’رائٹنگ ہیلپ‘ فیچر کی مدد سے صارفین اپنے میسجز کے مختلف انداز میں متبادل ورژن تیار کر سکیں گے، جیسے کہ پروفیشنل، مزاحیہ یا سادہ انداز میں۔ میٹا کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صارفین کو دیگر AI ٹولز جیسے چیٹ جی پی ٹی سے ہٹ کر واٹس ایپ کے اندر ہی مکمل سہولیات فراہم کرنا ہے۔