پاکستان سفارتی طور پر پہلے سے کہیں بہتر مقام پر ہے، اسحاق ڈار

07:01 PM, 28 Aug, 2026

لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آج سفارتی طور پر پہلے سے کہیں زیادہ بہتر مقام پر ہے اور حکومت نے ملکی معیشت کو بھی درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانیہ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، دورے کے اہم ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ عالمی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے بھی اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایم ٹی آنر 25 پر موجود 10 پاکستانی بحری کارکنوں کی رہائی کا معاملہ زیر بحث آیا۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ایم ٹی آنر 25 جمہوریہ پالاؤ میں رجسٹرڈ جہاز ہے، پاکستانی بحری کارکنوں کی رہائی کے لیے عالمی اصولوں کے تحت حکمت عملی اپنائی گئی۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات انتہائی مثبت رہی، جبکہ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل سے نوجوانوں سمیت مختلف امور اور اصلاحات کے ایجنڈے پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے جامع ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دوطرفہ تعلقات کے لیے اہم اثاثہ ہے، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو نئی جہت تک پہنچائیں گے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سے بھی مثبت ملاقات ہوئی، جس میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ برطانوی حکام نے امریکا، ایران ثالثی میں پاکستان کے کردار اور وزیراعظم شہباز شریف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہوچکی ہے، حکومت سنبھالنے کے بعد ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا۔ 2017 میں ترقی کرتے پاکستان کا راستہ روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی نشست 182 ووٹ لے کر حاصل کی، جبکہ بھارت کے خلاف عظیم فتح سے پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ وہ ترکی میں علاقائی فور کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او اجلاس کے لیے کرغزستان جائیں گے۔ اگلے 12 ماہ میں پاکستان ای سی او اور ایس سی او کی چیئرمین شپ بھی سنبھالے گا۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کیا ہے۔

مزیدخبریں