پاکستان نے 2025 میں مؤثر سفارت کاری کے ذریعےسٹریٹجک اہمیت بحال کی ، عالمی جریدہ

11:34 AM, 28 Dec, 2025

شارلٹ : پاکستان نے اپنے جغرافیائی محلِ وقوع، دفاعی صلاحیت اور مؤثر سفارت کاری کو استعمال کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی اسٹریٹجک اہمیت کو بحال کیا ہے۔ عالمی جریدے "کیرولائنا پولیٹیکل ریویو" کی ایک خصوصی رپورٹ میں پاکستانی حکومت اور عسکری قیادت کی حکمت عملی کو سراہا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے 2025 میں عالمی سیاست میں دوبارہ اہمیت حاصل کی، خاص طور پر مئی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران دفاعی صلاحیت اور سفارتی محاذ پر کامیاب حکمت عملی اپنائی۔ اس کشیدگی کے دوران پاکستان نے مؤثر سفارت کاری کے ذریعے امریکا کا اعتماد بحال کیا اور تعلقات کو نئی سمت دی۔

کیرولائنا پولیٹیکل ریویو کے مطابق، پاکستان کی جغرافیائی اہمیت خصوصاً جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مغربی ایشیا اور مشرق وسطی کے درمیان سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے امریکا نے اسے اپنی اسٹریٹجک پالیسی میں مرکزی حیثیت دی۔ پاکستان کی بندرگاہیں، خاص طور پر گوادر، بھی ایک اہم اثاثہ بن کر سامنے آئیں، جس سے نئی اقتصادی اور تجارتی راہیں کھلیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے امریکی حکمت عملی کے مطابق نایاب زمینی معدنیات کے شعبے میں امریکا کے ساتھ تعاون بڑھایا اور 500 ملین ڈالر کی شراکت داری کے معاہدے کیے۔ اس کے علاوہ، بلوچستان میں ریکوڈک کے کان کنی کے منصوبے کے لیے ایگزم بینک سے 1.25 ارب ڈالر کی فائنانسنگ کی منظوری بھی دی گئی، جو کہ سرمایہ کاری کے اعتماد اور روزگار کے مواقع کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

پاکستان نے اسٹریٹجک خودمختاری کے ساتھ امریکا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کیا اور ان کو "پائیدار مفاد" کی سمت میں آگے بڑھایا۔

مزیدخبریں