2025 میں بھارتی شہریوں کی ریکارڈ ڈی پورٹیشنزکا انکشاف

03:50 PM, 28 Dec, 2025

نئی دہلی/دبئی:سال 2025 کے دوران دنیا بھر سے 24 ہزار 600 سے زائد بھارتی شہریوں کو ڈی پورٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ اعداد و شمار بھارت کی وزارتِ خارجہ نے راجیہ سبھا میں پیش کیے، جنہیں گزشتہ پانچ برسوں میں ڈی پورٹیشنز کی سب سے زیادہ تعداد قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے سب سے زیادہ بھارتی شہریوں کو واپس بھیجا گیا۔ دارالحکومت ریاض سے 7 ہزار 19 جبکہ جدہ سے 3 ہزار 865 بھارتی شہری ڈی پورٹ کیے گئے، جس کے بعد سعودی عرب سے مجموعی طور پر 10 ہزار 884 ڈی پورٹیشنز ریکارڈ ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق امریکہ نے بھی 2025 کے دوران 3 ہزار 812 بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا، جو ایک قابلِ ذکر تعداد ہے۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات سے 1 ہزار 469 بھارتی شہریوں کی ڈی پورٹیشن عمل میں آئی۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق رپورٹ میں ڈی پورٹیشنز کی بڑی وجوہات میں ویزا کی میعاد سے زائد قیام، ورک پرمٹ کے بغیر کام کرنا، اور مقامی لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک اور مغربی ریاستوں میں امیگریشن قوانین پر سختی کے باعث حالیہ برسوں میں کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ڈی پورٹیشنز میں اس نمایاں اضافے نے بیرونِ ملک بھارتی ورکرز کی قانونی حیثیت اور امیگریشن پالیسیوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ بیرونِ ملک کام کرنے والے شہریوں کو قوانین سے متعلق بہتر آگاہی فراہم کرے تاکہ مستقبل میں اس رجحان کو کم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں