پاکستان اور روس کے درمیان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع:وزیراعظم

09:51 PM, 28 Feb, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ سفارتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات روس کے اول نائب وزیر برائے توانائی پاول سوروکن سے ملاقات کے دوران کہی، جو 6 رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے روسی صدر ولادی میر پوتن کو دورۂ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔

روسی نائب وزیر توانائی پاول سوروکن نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس احمد لغاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
 

مزیدخبریں