واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک افغان کشیدگی پر پاکستان کے موقف اور کارروائیوں کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہترین انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا.صدر ٹرمپ نے کہا، "پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بڑے عظیم لیڈر ہیں، میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پاک افغان جنگ میں ثالثی یا مداخلت کریں گے، تو انہوں نے جواب دیا کہ "پاکستان کے ساتھ میرے بہت اچھے تعلقات ہیں، وہ اچھا کر رہے ہیں، اس لیے میں مداخلت نہیں کروں گا۔
اسی پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے دیگر عالمی امور پر بھی بات کی۔ ایران کے ساتھ مذاکرات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار نہیں بنا سکتا۔ کیوبا کی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اسے ایک "تبدیلی کی ضرورت مند قوم" قرار دیا اور کہا کہ شاید ہم کیوبا پر 'فرینڈلی قبضہ' کر لیں، مارکو روبیو اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔