اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی اور افغان طالبان رجیم کی اشتعال انگیزیوں کے خلاف شروع کیا گیا ’آپریشن غضب للحق‘ پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آپریشن کے دوران دشمن کے خلاف درج ذیل کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 297 افغان طالبان کارندے مارے جا چکے ہیں۔ فضائی اور زمینی حملوں میں دشمن کی 89 اہم چوکیاں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔ پاکستانی فورسز نے پیش قدمی کرتے ہوئے دشمن کی 18 اسٹریٹجک چوکیوں پر قبضہ کر کے وہاں اپنا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ تباہ کیے جانے والے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں (APCs) کی مجموعی تعداد 135 تک جا پہنچی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن سرحد پار سے ہونے والے مسلسل حملوں، کالعدم ٹی ٹی پی کی سہولت کاری اور پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کے جواب میں شروع کیا گیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ سخت بیانات کے بعد یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اب اپنے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
سیکیورٹی تجزیہ: دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ "غضب للحق" کا مقصد دشمن کی سپلائی لائن کو توڑنا اور سرحد پار قائم محفوظ ٹھکانوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی مہم جوئی کا راستہ روکا جا سکے۔