’جنگ تم نے شروع کی، ختم ہم کریں گے‘: ایران کا امریکہ اور اسرائیل کو ہولناک جوابی کارروائی کا الٹی میٹم

01:22 PM, 28 Feb, 2026

تہران/بیجنگ: امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے تہران پر کیے گئے میزائل حملوں کے بعد ایران نے خاموشی توڑتے ہوئے انتہائی جارحانہ موقف اختیار کر لیا ہے۔ ایرانی قیادت نے واشنگٹن اور تل ابیب کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اس جنگ کا آغاز بھلے انہوں نے کیا ہو، مگر اس کا ’اختتام‘ اب ان کے اختیار میں نہیں رہا۔
سربراہ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی نے حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہاامریکہ اور اسرائیل نے آگ سے کھیلنے کی کوشش کی ہے۔ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا، ہمارا ردعمل اتنا سخت ہوگا کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔ایرانی اور غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران، اصفہان، تبریز، قم اور کرج میں اسٹریٹجک مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے صرف سرکاری عمارتوں اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ تہران کے مضافات میں میزائل حملوں کے بعد دھوئیں کے بادل بلند ہو رہے ہیں، تاہم تادمِ تحریر کسی جانی نقصان کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی۔
ایرانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب اور فضائیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور جوابی کارروائی کا پلان فائنل کر لیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے "انتہائی سخت ردعمل" کا مطلب بڑے پیمانے پر میزائلوں اور ڈرونز کا وہ جوابی حملہ ہو سکتا ہے جس کا دائرہ کار پورے مشرقِ وسطیٰ تک پھیل جائے گا۔

مزیدخبریں