ملکہ کوہسار میں شدید برفباری: مری جانے والے راستے بند، سیاحوں کے داخلے پر پابندی

09:01 AM, 28 Jan, 2026

مری : ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے جاری شدید برفباری کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ انتظامیہ نے صورتحال کے پیشِ نظر مری میں سیاحوں کا داخلہ عارضی طور پر بند کر دیا ہے جبکہ رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔
سیاحوں کی حفاظت کے پیشِ نظر اسلام آباد سے مری جانے والے راستوں، بشمول ایکسپریس وے اور اولڈ مری روڈ کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی ہیوی مشینری سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہے۔ برفانی طوفان اور مسلسل گرنے والی برف کے باعث شاہراہوں کو صاف کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
 مری کے داخلی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے جو سیاحوں کو واپس بھیج رہی ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کا غیر ضروری دباؤ نہ بڑھے۔
ٹریفک حکام نے شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ خراب موسم میں مری کا رخ کرنے سے گریز کریں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، "سڑکوں پر جمی برف کے باعث گاڑیاں بے قابو ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا شہری اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے بعد سڑکیں مکمل طور پر کلیئر کرنے کا کام مکمل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں