منی سوٹا: امریکی کانگریس کی مسلم خاتون رکن الہان عمر پر ان کے اپنے انتخابی حلقے میں خطاب کے دوران حملہ کیا گیا ہے۔ ریاست منی سوٹا کے شہر میناپولیس میں منعقدہ ایک ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران ایک نامعلوم شخص نے ان پر بدبودار مائع پھینک دیا، جس سے تقریب میں شدید بدمزگی پیدا ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق یہ ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈیموکریٹک رکنِ کانگریس سٹیج پر خطاب کر رہی تھیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک سفید فام شخص نے اچانک ان کی جانب مائع پھینکا، تاہم الہان عمر اس حملے میں محفوظ رہیں۔ سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے فوری ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو موقع سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔الہان عمر اس اجلاس میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوم کے خلاف چارج شیٹ پیش کر رہی تھیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اور صدر ٹرمپ کے مشیر اسٹیفن ملر منی سوٹا میں پیش آنے والے ایک قتل کے واقعے پر جھوٹ بول رہے ہیں۔
حال ہی میں 'آئیس' (ICE) اہلکاروں نے ایک شخص کو ہلاک کیا تھا، جسے حکام نے مسلح قرار دیا تھا، لیکن بعد میں وہ شخص غیر مسلح ثابت ہوا۔ الہان عمر اسی بنیاد پر وزیرِ ہوم لینڈ سکیورٹی کے استعفے یا ان کے مواخذے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔
الہان عمر صومالی نژاد امریکی ہیں اور وہ اپنی بے باک سیاست کی وجہ سے اکثر دائیں بازو کے حلقوں کے نشانے پر رہتی ہیں۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی ماضی میں ان پر شدید ذاتی حملے کیے جاتے رہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد مقامی مسلم کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے رکنِ کانگریس کی سکیورٹی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
میناپولیس: رکنِ کانگریس الہان عمر پر ٹاؤن ہال میں حملہ، سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو دبوچ لیا
10:13 AM, 28 Jan, 2026