کراچی: کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی پر مشتمل اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی نے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کی حتمی رپورٹ مکمل کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ہولناک واقعے میں مجموعی طور پر 79 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے زیادہ تر اموات بلڈنگ کے میزنائن فلور (Mezzanine Floor) پر ہوئیں۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ آگ لگنے کا آغاز گراؤنڈ فلور پر واقع ایک فلاور شاپ (پھولوں کی دکان) سے ہوا، جہاں ایک بچے کے ہاتھوں نادانستہ طور پر آگ لگی۔ رپورٹ کے مطابق آگ رات 10 بج کر 15 منٹ پر لگی جو ایئر کنڈیشننگ (AC) کے ڈکٹس کے ذریعے تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گئی۔ فائر بریگیڈ کو 10 بج کر 26 منٹ پر اطلاع ملی، جس کے بعد پہلا فائر ٹینڈر 11 منٹ کے اندر یعنی 10 بج کر 37 منٹ پر موقع پر پہنچ گیا۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی واقعے کے محض 15 منٹ بعد 10 بج کر 30 منٹ پر وہاں پہنچ چکے تھے۔ یہ رپورٹ جلد ہی وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کر دی جائے گی۔