وفاق کا خیبرپختونخوا میں 'خفیہ آپریشن' کا دعویٰ مسترد، وادی تیراہ کے 4 ارب روپے کا حساب مانگ لیا

03:03 PM, 28 Jan, 2026

اسلام آباد :وفاقی وزیر مملکت طلال چودھری نے خیبرپختونخوا حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وفاق صوبے میں کوئی خفیہ کارروائی نہیں کر رہا، جب بھی آپریشن کا فیصلہ ہوا تو وہ اعلانیہ کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی قیادت پر وادی تیراہ کے ترقیاتی فنڈز میں سنگین خورد برد کا الزام عائد کر دیا۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ کراچی سے گلگت تک ہونے والی تمام کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو ہدف بناتے ہوئے کہا کہ وادی تیراہ آپریشن پر صرف سیاست کی جا رہی ہے تاکہ اپنی ناکامیاں چھپائی جا سکیں۔
وزیر مملکت نے کرپشن کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا    وادی تیراہ کے لیے مختص 4 ارب روپے میں سے آدھے سے زیادہ پیسے غیر متعلقہ کاموں پر خرچ کر دیے گئے۔ جس طرح کوہستان سکینڈل میں ایک ٹرک ڈرائیور کے اکاؤنٹ سے 4 ارب روپے نکلے، وادی تیراہ کا سچ بھی جلد سامنے آ جائے گا۔
 انہوں نے دو ٹوک کہا کہ 4 ارب کی خطیر رقم اب جیبوں میں نہیں چھپائی جا سکتی، اس کا حساب دینا ہوگا۔طلال چودھری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے ہمیشہ ایک نیا بیانیہ تراشتی ہے، لیکن اب نعروں کے پیچھے چھپنے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ نیب ان تمام مالی معاملات کی تحقیقات کر رہا ہے۔

مزیدخبریں