اسرائیلی وزیر دفاع نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو براہ راست نشانہ بنانے کی سنگین دھمکی دے دی

03:44 PM, 28 Jul, 2025

تہران : اسرائیل کے وزیر دفاع، اسرائیل کاٹز، نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو براہ راست نشانہ بنانے کی سنگین دھمکی دے دی ہے۔ رامون ایئر فورس بیس کے دورے کے دوران اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے اسرائیل کو دوبارہ دھمکیاں دیں، تو اسرائیلی فضائیہ تہران تک پہنچے گی اور اس بار حملے کا ہدف صرف تنصیبات نہیں بلکہ "شخصی طور پر خامنہ ای" ہوں گے۔

اسرائیلی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیل کاٹز نے کہا، "میں خامنہ ای کو یہاں سے ایک واضح پیغام دینا چاہتا ہوں: اگر آپ اسرائیل کو دھمکاتے رہے تو ہم دوبارہ تہران تک پہنچیں گے، اور اس بار یہ حملہ آپ تک بھی پہنچے گا۔"

یہ بیان ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے ایران کی فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 12 روز تک شدید جھڑپیں ہوئیں۔ ایران نے میزائل اور ڈرون حملوں سے جواب دیا جبکہ امریکہ نے بھی مداخلت کرتے ہوئے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر بمباری کی۔

یہ خطرناک صورتحال بالآخر 24 جون کو امریکی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر ختم ہوئی، مگر اسرائیلی وزیر دفاع کے اس تازہ بیان نے خطے میں ایک بار پھر کشیدگی کو ہوا دے دی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ بیان نہ صرف سفارتی سطح پر تناؤ میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے بلکہ ممکنہ طور پر کسی نئے محاذ کے کھلنے کا پیش خیمہ بھی بن سکتا ہے۔

مزیدخبریں