راولپنڈی: غیرت کے نام پر قتل کی گئی سدرہ کی عدالتی نگرانی میں قبر کشائی

12:21 PM, 28 Jul, 2025

راولپنڈی ؛ راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی سدرہ کے کیس میں عدالت کے حکم پر چھتی قبرستان میں قبر کشائی کی گئی۔ یہ کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ قمر عباس تارڑ کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔

قبر کشائی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ایلیٹ فورس کے اہلکار قبرستان میں تعینات رہے، جبکہ قبر کے اطراف قناتیں اور شامیانے لگا کر جگہ کو محدود کر دیا گیا تھا۔

میڈیکل ٹیم کی سربراہی لیڈی ڈاکٹر مصباح کر رہی تھیں، جنہوں نے عدالتی معائنے کے بعد لاش کا طبی معائنہ کیا۔ قبر کشائی کا عمل ٹی ایم اے کے عملے نے شروع کیا، جبکہ واقعے میں ملوث دو ملزمان، گورکن راشد اور قبرستان کمیٹی کے سیکرٹری سیف الرحمٰن کو بھی موقع پر نشاندہی کے لیے لایا گیا۔

یاد رہے کہ سدرہ کو غیرت کے نام پر گھر سے بھاگنے کے الزام میں جرگے کے حکم پر قتل کر دیا گیا تھا، اور اسے رات کی تاریکی میں خاموشی سے دفن کر کے تمام شواہد مٹا دیے گئے تھے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران معاملے کی سنگینی کے پیش نظر قبر کشائی کی درخواست عدالت میں دی تھی، جس پر آج عملدرآمد کیا گیا۔

مزیدخبریں