پنجاب میں پہلی مرتبہ جانوروں کی آلائشو ں سے بائیوگیس بنانے کا کامیاب تجربہ

01:17 PM, 28 Jul, 2025

لاہور  : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شروع کیے گئے "ستھرا پنجاب ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ" کے تحت صوبے میں پہلی بار قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے بائیو گیس بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق لاہور کے علاقے لکھو ڈیر میں قائم ماڈل پلانٹ پر 1000 میٹرک ٹن بائیو ڈی گریڈ ایبل آلائشوں سے 20 سے 25 ہزار کلو گرام بائیو گیس تیار کی گئی، جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی ممکن ہوئی بلکہ 60 سے 70 لاکھ روپے کی آمدن بھی متوقع ہے۔

یہ منصوبہ چند لاکھ روپے کی لاگت سے پائلٹ بنیاد پر شروع کیا گیا تھا جو کہ مکمل طور پر کامیاب رہا۔ حکومتی ترجمان کے مطابق اس منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ 50 میگاواٹ ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کے ذریعے روزانہ 3 ہزار ٹن کچرا بجلی میں بدلا جا سکے گا ، آئندہ 10 سال میں لینڈفل سائٹ سے 2.5 ملین ڈالر کی آمدن متوقع ہے ، ماڈل ری سائیکلنگ پارک سے سالانہ 190 ملین روپے کی آمدن ہوگی، اور  لکھو ڈیر ڈسپوزل سائٹ کی بحالی سے 2.75 لاکھ ٹن کاربن کریڈٹ حاصل ہوگا، جس کی مالیت 4.2 ملین ڈالر ہے۔
اس منصوبے کا ایک اہم جزو ویسٹ ٹو ویلیو انکوبیشن سینٹر ہے، جو نوجوانوں کو سیڈ فنڈنگ، تکنیکی معاونت اور تحقیق و ترقی کے مواقع فراہم کرے گا، تاکہ ماحول دوست کاروبار کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایل ڈبلیو ایم سی اور منصوبے سے جڑے اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی "صاف، سرسبز اور خوشحال پنجاب" کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔

مزیدخبریں