کراچی :عوامی پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ن لیگ کے ایک سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی نے ان پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں، جن کے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کوئی ثبوت موجود ہے تو فوری طور پر سامنے لایا جائے۔
مفتاح اسماعیل ن ے چینی بحران کو حکومت کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دو شوگر ملز ہیں اور چینی جان بوجھ کر ایکسپورٹ کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ چینی کا نہیں بلکہ حکومتی مصلحت کا ہے۔ اگر میری کوئی غلطی ہے تو اسحاق ڈار اور محمد اورنگزیب بھی اس میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو شوگر ایڈوائزری بورڈ کا چیئرمین بنایا گیا، اور جھوٹے الزامات پر طارق فضل چودھری کو معافی مانگنی چاہیے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو قانونی نوٹس جاری کیا جائے گا۔
مفتاح اسماعیل نے واضح کیا کہ جس منصوبے میں ان کا نام لیا جا رہا ہے، اس کے بارے میں انہیں کوئی علم نہیں کیونکہ یہ معاملہ 2019 کا ہے جب وہ جیل میں تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے انہوں نے کوئی رقم نہیں کمائی۔