اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئل ریفائنریوں کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن ملک کی توانائی کے تحفظ کی جامع حکمت عملی کا ایک اہم جز ہے، جس سے نہ صرف توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار بھی کم ہوگا۔
اسلام آباد میں کابینہ کی انرجی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جدید ریفائنریاں ماحول دوست ایندھن کی پیداوار میں اضافہ کریں گی، جس سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی اور صارفین کو بہتر معیار کا ایندھن دستیاب ہوگا۔
شہباز شریف نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں اصلاحات متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے، توانائی کی منڈی کی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کیا جا سکے اور شعبے میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت دی کہ ترمیم شدہ پالیسی پر فوری اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ غفلت یا غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل کو تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کا عمل جاری رکھے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے تاکہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں کی گئی ترامیم، بالخصوص براؤن فیلڈ ریفائنری منصوبوں، کو مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے اور غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے پٹرولیم کے وفاقی وزیر اور ان کی ٹیم کو پالیسی میں ترامیم کی تیاری پر سراہا۔
شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر میں اضافے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے ان کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ یورو فور (Euro-4) اور یورو فائیو (Euro-5) معیار کے مطابق ایندھن کی تیاری پاکستان کے بین الاقوامی ماحولیاتی وعدوں کی تکمیل، فضائی آلودگی میں کمی اور بہتر معیار کے ایندھن کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کا مقصد ماحول دوست یورو فائیو معیار کے پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار کو فروغ دینا، جبکہ فرنس آئل اور دیگر کم قدر پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں کمی لانا ہے۔