سوات :سوات کے پرفضا مقام فضاگٹ میں سیلابی ریلے کے باعث 18 سیاحوں میں سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے، چار کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ چار افراد لاپتہ ہیں۔ واقعے کے بعد صوبائی حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 15 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
حادثے کے بعد سوات انتظامیہ نے متاثرہ ہوٹل کو سیل کر دیا جہاں سیاحوں نے ناشتہ کیا تھا۔ مقامی عوام نے انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس کے بعد چار سرکاری افسران کو تحقیقات کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے حادثہ کا ہنگامی دورہ کیا اور متاثرہ علاقے کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں انتظامی غفلت سامنے آئی ہے اور ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے، تاہم موسمی حالات کی وجہ سے ہیلی کاپٹر مدد کے لیے نہیں پہنچ سکا۔
نماز جنازہ سوات اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور دکھ و غم کا اظہار کیا۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی مکمل مدد کا یقین دلایا ہے اور سیاحتی علاقوں میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا عزم کیا ہے۔