مراد علی شاہ کا بجٹ پر اپوزیشن کو جواب، سندھ کی ترقی کیلئے سیاسی اختلافات بھلا کر کام کرنے پر زور

03:51 PM, 28 Jun, 2026

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں بجٹ بحث سمیٹتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت کے اچھے کام ہوں وہاں اپوزیشن کو تعریف بھی کرنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپوزیشن کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کو برابر نہیں بلکہ بہتر مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ محبت، رواداری اور قبولیت کی دھرتی ہے، یہاں آنے والوں کو ہمیشہ جگہ دی گئی، اس لیے سندھ کی روایات اور اقدار کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

مراد علی شاہ نے بجٹ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد، سکھر موٹروے منصوبے کے لیے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ منصوبہ جلد مکمل ہو اور تاخیر کے لیے کوئی بہانہ باقی نہ رہے۔

وفاقی حکومت سے ملنے والے مالی وسائل پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک سال قبل وفاق نے سندھ کو 2095 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، جبکہ ایف بی آر نے 1926 ارب روپے دینے کا کہا تھا، تاہم صوبے کو 1750 ارب روپے موصول ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید 176 ارب روپے کی صورتحال 30 جون تک واضح ہوگی۔

سیلاب متاثرین کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر ضروری تھی، صرف بند بنانا کافی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2010 کے بعد سندھ میں دریاؤں اور حفاظتی بندوں کو مضبوط بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پہلی بار گندم کی پیداوار میں خودکفیل ہونے کی جانب بڑھ رہا ہے اور آئندہ گندم درآمد کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وزیراعلیٰ نے موٹر سائیکل سبسڈی، سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے اضافی امداد اور دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے دوران ان سمیت 143 ارکان اسمبلی نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے بجٹ کی تفصیلات نہیں سنیں تو یہ ان کا اپنا مسئلہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں