اسحاق ڈار اور کاجا کالاس کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال

04:51 PM, 28 Jun, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالاس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال، امن و استحکام اور حالیہ جنگ بندی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران کاجا کالاس نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا اور حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تمام فریقین کے درمیان رابطے کے ذرائع کھلے رکھنے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نمائندہ کو مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں تاکہ خطے میں امن کو فروغ دیا جا سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی رابطے مزید مضبوط رکھنے اور علاقائی و عالمی معاملات پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں