مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز نے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز نے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی کے گاؤں راواریاں تلہ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا، تاہم ایس ایس پی راجوڑی نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے جانے والے نوجوان مجاہدین تھے جو سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔

ضلع پلوامہ میں بھی بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے لیے ناکہ بندی کی تاہم علاقہ مکینوں نے آپریشن کے خلاف احتجاج شروع کر دیا اور اہلکاروں کی فائرنگ سے 3 کشمیری زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 20 مارچ کو بھی بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر ضلع کپواڑہ میں طاقت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔