اسلام آباد : حکومتِ پاکستان نے مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ عوامی ریلیف کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی صورتحال درج ذیل ہے۔مٹی کا تیل: فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 66 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 433 روپے 40 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ عوامی مفاد میں پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر کی سطح پر مستحکم رہے گی۔
عالمی منڈی میں قیمتوں کے دباؤ کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نہ بڑھانے کا بوجھ حکومت خود اٹھائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیٹرول پر 95 روپے 59 پیسے فی لیٹر 'پرائس ڈفرنشل کلیم' (PDC) کی مد میں ادا کرے گی۔ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کے لیے کمپنیوں کو 203 روپے 88 پیسے فی لیٹر کی بھاری ادائیگی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ ناگزیر تھا، تاہم پیٹرول اور ڈیزل پر اربوں روپے کی سبسڈی دے کر عام آدمی کو مہنگائی کے بڑے طوفان سے بچانے کی کوشش کی گئی ہے
مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 66 پیسے اضافہ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری
09:41 AM, 28 Mar, 2026