اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں پر تشدد کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے، موجودہ حکومت صحافیوں پر تشدد کے خلاف آواز بھی نہیں اٹھاتی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافی اسد علی طور سے اظہار یکجہتی کیلئے نیشنل پریس کلب کے باہر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایسے واقعات ہر مہینے ہونا شروع ہوگئے ہیں، 75 سال گزرنے کے باوجود اب تک ہم نے کچھ نہیں سیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اگر محفوظ شہربن چکا ہے تو صحافیوں پر حملے یہاں کیوں ہورہے ہیں، آج تک معلوم ہوا کہ مطیع اللہ جان کو کس نے اغوا کیا تھا؟اب صحافیوں پر تشدد کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، صحافیوں کے قتل عام کیلئے میڈیا اتھارٹی کا قیام ہونے جارہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صحافیوں پر تشدد پر آواز بھی نہیں اٹھاتی، وزیر اطلاعات کہہ رہے ہیں کہ کوئی مسنگ پرسن نہیں، صحافیوں کو یقین دہانی کرواتی ہوں کہ میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں۔
صحافیوں پر تشدد کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے: مریم اورنگزیب
09:58 PM, 28 May, 2021