اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے چند بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ آندھی اور ہلکی بارش متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا، خاص طور پر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہی۔ تاہم بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ دیکھنے میں آیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں دھوپ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔