بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی ناقابل قبول ہے: وزیراعظم شہباز شریف کا سہ فریقی اجلاس سے خطاب

04:33 PM, 28 May, 2025

لاچین :  وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی ناقابل قبول ہے، کیونکہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، اور بھارت اسے کبھی بند نہیں کر پائے گا۔

لاچین میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان نے لڑ کر آزادی حاصل کی اور دنیا کی قوموں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

وزیراعظم نے تینوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی رشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سہ فریقی اجلاس اس عزم کی تجدید ہے کہ باہمی تعاون اور دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی پی کے کے (PKK) کے خلاف جدوجہد کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کا کوئی ثبوت نہ دینے پر تنقید کی اور کہا کہ پاکستان نے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، جسے بھارت نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بغیر شواہد پاکستان پر الزام عائد کیا اور جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افواجِ پاکستان کی قیادت انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کی اور قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔

وزیراعظم نے بھارت پر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگی کا دارومدار ہے، اور اس کا بہاؤ روکنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ دہرایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، اور اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خوش قسمتی حاصل ہے کہ اس کے پاس ترکیہ اور آذربائیجان جیسے مخلص دوست ہیں، اور تینوں ممالک اعلیٰ انسانی اقدار، امن اور انصاف کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزیدخبریں